پہلا: ہاں، صدوق نے اپنی کتاب “من لایحضره الفقیہ” میں حدیث ۷۶۷ کے تحت روایت کیا ہے: “امیرالمؤمنین (علیہ السلام) نے اپنے پیروکاروں سے فرمایا: کالے کپڑے نہ پہنو کیونکہ یہ فرعون کا لباس ہے۔” اور حدیث ۷۶۸ میں آیا ہے: “رسول اللہ (صلى الله عليه وسلم) کالے لباس کو پسند نہیں کرتے تھے، سوائے عمامہ، عربی جوتوں، اور رداء کے۔”
دوسرا: مذکورہ روایات اور دوسری مشابہ روایات کی بنیاد پر، بعض سوال کرتے ہیں: کیا عاشورا اور دیگر ائمہ معصومین کے عزاداری کے موقع پر کالے کپڑے پہننا مستحب ہے؟ اور کیا یہ عمل مشہور فقہاء کے فتوے کے ساتھ ٹکراؤ نہیں ہے جو کہتے ہیں کہ نماز میں کالے کپڑے پہننا مکروہ ہے؟
جواب یہ ہے کہ فرض کریں کہ کچھ حالات میں کالے کپڑے پہننا مکروہ ہے، لیکن امام حسین (علیہ السلام) کے عزاداری میں یہ ایک جدا عمل ہے کیونکہ یہ عمل حزن اور اندوہ کے اظہار کے لیے مستحب ہے، کیونکہ کالے کپڑے پہننا صدر اسلام سے آج تک اہل بیت (علیہ السلام) کے غم کے اظہار کے مطابق اورانکے طریقوں میں شمار ہوتا ہے۔
تیسرا: روایات جو اہل بیت (علیہ السلام) کی طرف سے کالے لباس سے پرہیز کے بارے میں ملتی ہیں، اگرچہ صحیح اور مکمل ہوں، مگر یہ کالے لباس کو ائمہ معصومین (علیہ السلام) کی عزاداری کے لیے پہننے سے متعلق نہیں ہیں بلکہ یہ ظالموں اور بنی عباس کی حکومت کے ساتھ متعلق ہیں، جنہوں نے کالے لباس کو اپنا رسمی لباس قرار دیا اور مسلمانوں کو اسے پہننے پر مجبور کیا۔
چوتھا: محقق بحرانی نے کتاب “الحدایق الناضره” میں کہا ہے کہ نماز میں کالے کپڑے پہننا مکروہ ہے، سوائے عمامہ، عربی جوتے، اور رداء کے۔ رداء ایک لمبا کپڑا ہے جو اون کا ہوتا ہے اور عبا بھی اس میں شامل ہے۔ لیکن میرے خیال میں، کالے لباس کو امام حسین (علیہ السلام) کی عزاداری میں پہننے کو مکروہ ہونے والی روایات سےالگ کیا جا سکتا ہے، کیونکہ بہت سی روایات ہیں جو اہل بیت (علیہ السلام) کے غم اور عزاداری کی علامات کو ظاہر کرنے کی طرف اشارہ کرتی ہیں ۔ اس بات کی تصدیق ایک روایت سے ہوتی ہے جو علامہ مجلسی نے “محاسن برقی” سے نقل کی ہے: انہوں نے امام زین العابدین (علیہ السلام) کے بیٹے سے روایت نقل کی: “جب میرے مظلوم اور شہید جد حسین (علیہ السلام) کو قتل کیا گیا، بنی ہاشم کی خواتین نے عزاداری میں کالا لباس پہنا اور گرمی اور سردی میں اپنے کپڑے نہیں بدلے، اور امام زین العابدین (علیہ السلام) ان کی عزاداری کے موقع پر کھانا تیار کرتے تھے۔
پانچواں: شیخ حر عاملی نے کتاب “وسائل الشیعہ” میں کہا ہے: “حسن بن ظریف بن ناصح اپنے والد سے، حسین بن یزید سے، عمر بن علی بن الحسین سے نقل کرتے ہیں: ‘جب حسین بن علی (علیہ السلام) شہید ہوئے، بنی ہاشم کی عوتوں نے کالا لباس اور عبا پہنا اور سردی اور گرمی کی شکایت نہ کی، اور علی بن حسین (علیہ السلام) ان کی عزاداری کے لیے کھانا تیار کرتے تھے۔'”
چھٹاں: کتاب “بحارالانوار” میں لکھا ہے: “ایک اور روایت کے مطابق، عاشورہ کے بعد یزید نے امام حسین (علیہ السلام) کے خاندان سے دلجویی کی۔ یزید نے اہل حرم سے پوچھا کہ آپ کس راستے کو اہمیت دیتے ہیں؟ کیا آپ شام میں رہنا پسند کریں گے اور مناسب مقام حاصل کریں گے، یا مدینہ واپس جانا پسند کریں گے اور قیمتی تحفے حاصل کریں گے؟ انہوں نے جواب دیا: ‘ہم پہلے حسین (علیہ السلام) کی عزاداری کرنا چاہتے ہیں۔’ یزید نے کہا: ‘جو چاہیں کریں۔’ پھر ان کے لیے ایک گھر مہیا کیا گیا اور کوئی بھی ہاشمی یا قریشی عورت نہ رہی، جنہوں نے حسین (علیہ السلام) کی عزاداری کے لیے کالا لباس نہ پہناہو یعنی سب نے پہنا تھا۔ انہوں نے سات دن تک عزاداری کی، اور آٹھویں دن یزید نے انہیں طلب کیا اور عہدہ پیش کیا، مگر انہوں نے اسے قبول کرنے سے انکار کیا اور مدینہ واپس جانے کا فیصلہ کیا۔ یزید نے ان کے سفر کے لیے سواریوں کا انتظام کیا اور انہیں تیار کیا۔”
ساتواں: کتاب “وفیات الائمہ” صفحہ ۸۵ پر امیرالمؤمنین (علیہ السلام) کی عزاداری کے بارے میں آیا ہے: حسن، حسین، اور ان کے بھائی اپنے والد کی تدفین کے بعد واپس آئے اور گھر میں بیٹھ گئے۔ امام حسن (علیہ السلام) اس دن گھر سے باہر نہ نکلے۔ عبداللہ بن عباس، عبدالمطلب کے بیٹے، لوگوں کے پاس آئے اور کہا: “امیرالمؤمنین وفات پا گئے اور اللہ کی رحمت کے قریب ہوگئے، اور انہوں نے ایک جانشین چھوڑا ہے جو اگر آپ لوگ چاہیں تو امت کی قیادت سنبھال سکتا ہے، اور اگر آپ نہیں چاہتے تو ہر شخص اپنے کام پر جا سکتا ہے۔” لوگوں نے چیخ و پکار اور رونے کی آواز میں حضرت کو گھر سے باہر آنے کی التجا کی۔ امام، جو اپنے والد کی وفات پر روتے ہوئے اور کالا لباس پہنے ہوئے تھے، گھر سے باہر آئے، منبر پر چڑھے، اللہ کی حمد و ثنا کی، پھر رسول اللہ (صلى الله عليه وسلم) کا ذکر کیا اور سلام و درود بھیجا۔ انہوں نے کہا: “اے لوگوں، اللہ سے ڈرو اور یقین رکھو کہ آپ کے حکمران اور امام، اہل بیت ہیں جن کے بارے میں اللہ نے فرمایا: ‘اللہ چاہتا ہے کہ اہل بیت سے رجس کو دور کرے اور انہیں مکمل پاکیزگی عطا کرے’۔ اے لوگوں، سچ میں، اس رات ایک ایسا شخص انتقال کرگیا ہے جس کی نظیر گذشتہ لوگوں نے نہیں دیکھی اور آئندہ لوگ بھی اس کے جیسا کسی کونہ دیکھیں گے۔ وہ واقعی رسول اللہ (صلى الله عليه وسلم) کی طرف سے جہاد کرتا تھا اور اپنی جان کو خالص دل سے ان کے لیے پیش کرتا تھا۔ رسول اللہ اسے اپنے علم کے ساتھ جنگ میں بھیجتے تھے، جب کہ جبرائیل دائیں طرف اور میکائیل بائیں طرف اس کی حفاظت کرتے تھے، اور وہ میدان جنگ سے واپس نہیں آتا تھا جب تک کہ اللہ فتح و کامیابی نہ عطا فرماتا۔”
185