مجھ کو معلوم ہے کتنی ہے لیاقت میری | میں بھی استاد بنوں یہ نہیں حاجت میری | |
فخر اس میں ہے کہ میں خود سے تو کہہ لیتا ہوں | ڈر ہے اس بات سے ہوجائے نہ شہرت میری | |
مقطع میرا ہو مگر شاعری استاد کی ہو | اسکو میں اپنا کہوں یہ نہیں عادت میری | |
سب کو معلوم ہے اصلاح کراتا ہوں میں | کم نہ ہوجائے گی اس سے کوئی عزت میری | |
شاعری کرتا ہوں ایمان بتانے کے لئے | ساتھ جائے گی یہی دین کی دولت میری | |
لیکے اجرت میں قصیدہ پڑھوں اللہ توبہ | ہوگی سب پہ عیاں اب یہ حقیقت میری | |
میں ہوں مداح علی ابن ابی طالب کا | خوب اللہ نے بنائی ہے یہ قسمت میری | |
آگے پڑھتا ہوں قصیدہ میں غدیر خم کا | ہوگی مقبول یقیناً یہ عبادت میری | |
مجھ کو آواز دے جس کو ہو ضرورت میری | دوست دشمن ہو سبھی یہ ہے عنایت میری | |
یا علی کہہ کے بلاتا ہے جو مشکل میں مجھے | اسکی آساں کروں مشکل یہ ہے عادت میری | |
یہ شرف مجھ کو فقط مجھ کو ملا خالق سے | خانۂ کعبہ بنا جائے ولادت میری | |
قولِ احمد ہے ملے اسکو عبادت کا شرف | اک نظر دیکھ لی ہو جس نے بھی صورت میری | |
اپنے محبوب کا اللہ نے چنا مجھ کو ولی | خم کے میداں میں ہوئی نشر ولایت میری | |
مجھ کو مرسل نے کیا اتنا بلند ہاتھوں پہ | تاکہ پہچان لیں سب دیکھ لیں صورت میری | |
کہہ کے بخِ لَکَ تینوں نے جو کی تھی بیعت | توڑ دی جاکے سقیفہ میں وہ بیعت میری | |
یاعلی تم نہ اگر ہوتے تو ہوجاتا ہلاک | ہوکے دشمن بھی نہیں کرسکا غیبت میری | |
شیخ جی جب بھی پھنستے تھے بلاتے تھے ضرور | دل میں پر انکے کھٹکتی رہی شہرت میری | |
نام کے واسطے صدیق و غنی سب ہیں مگر | دونوں عالم میں ہے مشہور صداقت میری | |
بھاگے دشمن جو اگر مدّمقابل آکر | وار پیچھے سے کروں یہ نہیں فطرت میری | |
عورتوں بچوں پہ چلتی نہیں تلوار میری | قتل بوڑھوں کو کروں یہ نہیں سیرت میری | |
دیکھ کر نسلوں کو تب چلتی ہے تلوار میری | جنگ کے میداں میں بھی ایسی ہے بصیرت میری | |
جنگ خندق میں امر کے کئے جب دو ٹکڑے | بھاگے سب دشمنِ دیں چھا گئی ہیبت میری | |
بخشوائیں گے اسے خود ہی رسولِ عربی | بس گئی دل میں جس جس کے بھی الفت میری | |
پاؤگے خلد میں جاگیر یقیناً منظرؔ | ہے اگر دل میں ذرا سی بھی محبت میری |