جناب خدیجہ علیہا السلام: جنهیں الله اور جبرئیل سلام بهیجتے هیں

اسلام کی تعلیمات میں ایک اہم رکن ایک دوسرے کو سلام کرنا ہے۔ احادیث نبویؐ میں ‘افشئوا السلام’ کی بہت زیادہ تاکید کی گئ ہے۔ قرآن کریم میں بھی سلام کرنے پر بہت زور ڈالا گیا ہے۔ ‘جب گھر میں داخل ہو تو اہل خانہ پر سلام کرو…’اس طرح کے حکم قرآن کی آیتوں میں درج ہیں۔ اسی طرح انبیاء کرام پر الله کی جانب سے سلام بھیجنے کا ذکر بھی قرآن میں مرقوم ہے۔ مثلاً سورہ صافات میں جناب ابراہیم، جناب نوح، جناب موسیٰ اور جناب ہارون علیہم السلام پر الله کی طرف سے سلام آیا ہے۔ اسی طرح قرآن میں یہ فقرے بھی ملتے ہیں کہ ‘سلام علی الیاسین’۔ دیگر مقامات پر جناب عیسیٰ علیہ السلام اور جناب یحییٰ علیہ السلام پر بھی سلام کا ذکر ہے۔

یقیناً یہ افراد خدا کے نزدیک ایک بلند مقام اور مرتبہ رکھتے ہیں۔ کتب احادیث میں رسول الله صلی الله علیہ وآلہ وسلم کی زوجہ ام الموءمنین جناب خدیجہ سلام الله علیہا کے لیے بھی خدا کی جانب سے سلام آنے کا ذکر ملتا ہے۔

روایات میں ملتا ہے کہ جب بھی جبرئیل آنحضرت صلی الله علیہ و آلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوتے تو جب تک جناب خدیجہ سلام الله علیہا زندہ رہیں ان کو بھی سلام کیا کرتے تھے۔
روي أن جبرئيل أتى النبي صلى الله عليه وآله فسأل عن خديجة فلم يجدها، فقال: إذا
جاءت فأخبرها أن ربها يقرؤها السلام.
بحار الانوار جلد 14 صفحہ8

روایت ہے کہ جبرئیل جب رسول الله صلی الله علیہ وآلہ وسلم کے پاس آتے اور اگر جناب خدیجہؑ موجود نہ ہوتیں تو رسول الله سے التماس کرتے کہ آپ صلی الله علیہ وآلہ ان کے رب کا سلام ان تک پہنچا دیجۓ۔

اسی طرح معراج کی روایتوں میں ایک روایت یہ بھی ملتی ہے۔
عن أبي جعفر عليه السلام قال: أن رسول الله صلى الله عليه وآله قال: إن جبرئيل عليه السلام قال لي ليلة أسري بي حين
رجعت وقلت: يا جبرئيل هل لك من حاجة؟ قال: حاجتي أن تقرأ على خديجة من الله ومني
السلام، وحدثنا عند ذلك أنها قالت حين لقاها نبي الله صلى الله عليه وآله فقال لها:
الذي قال جبرئيل، فقالت: إن الله هو السلام، ومنه السلام، وإليه السلام، وعلى جبرئيل السلام
بحار الانوار جلد 14 صفحہ7

امام باقر علیہ السلام فرماتے ہیں کہ جب رسول الله صلی الله علیہ وآلہ معراج سے پلٹے تو آپؐ نے جبرئیل سے فرمایا – کیا تمھاری کوئ فرمائش ہے جو میں پورا کروں؟ تو جبرئیل نے جواب دیا: ہاں!میں چاہتا ہوں کہ آپ الله کی جانب سے اور میری طرف سے بھی(جناب)خدیجہؑ کو ہمارا سلام پہنچا دیجۓ ۔ جب رسول الله کی ملاقات جناب خدیجہ سلام الله علیہا سے ہوئ تو آپؐ نے جبرئیل کی بات ان کے سامنے دہرائ۔

جناب خدیجہ سلام الله علیہا نے جواب دیا: بیشک الله ہی سلام ہے، اسی سے سلامتی ہوتی ہے، اسی سے سلامتی کی امید بھی رہتی ہے اور جبرئیل پر بھی سلام ہو۔

اس لیے ،رسول اللہ کی بعض ازواج ‘رضی الله عنہا’ ہوں یا نہ ہوں مگر جناب خدیجہ یقینا ‘سلام الله علیہا’ ہیں۔

Short URL : https://www.saqlain.org/c85v